ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چوہدری عبدالحمید کی ریٹائرمنٹ پران کے اعزاز میں پروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا
ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چوہدری عبدالحمید کی ریٹائرمنٹ پران کے اعزاز میں الوداعی تقریب
فیصل آباد۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چوہدری عبدالحمید کی ریٹائرمنٹ پران کے اعزاز میں پروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ گذشتہ روز منعقدہ تقریب میں محکمہ زراعت توسیع، محکمہ زراعت (فروٹ اینڈ ویجیٹیبل) اور محکمہ تحقیق کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر افسران نے چوہدری عبد الحمید کی 36 سالہ شاندار، مخلصانہ اور قابلِ قدر محکمانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، دیانت داری، اعلیٰ کردار، خوش اخلاقی، مثبت رویے اور مثالی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے طویل کیریئر کے دوران محکمہ زراعت اور کاشتکار برادری کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔شرکاء نے خصوصی طور پر ان کی شفیق، ہمدرد اور انسان دوست شخصیت کو سراہا۔ ان کا مثبت طرزِ عمل، ہر ایک سے خندہ پیشانی سے ملنا، ساتھی افسران اور ماتحت عملے کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنا اور ایک سرپرست کی حیثیت سے رہنمائی کرنا ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف قرار دیے گئے۔چوہدری عبد الحمید کی زیرِ نگرانی ٹڈی دل کے انسداد کے پروگرام سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب کے اہم زرعی اقدامات، بالخصوص پنجاب کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم اور ایگریکلچر گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے مؤثر نفاذ میں ان کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ان کی انتھک محنت، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں نے محکمہ زراعت کی کارکردگی اور کاشتکاروں کی خدمت کے عمل میں نمایاں بہتری پیدا کی۔تقریب کے اختتام پر چوہدری عبد الحمید کو ان کی گراں قدر 36 سالہ خدمات کے اعتراف میں شیلڈ آف آنر پیش کی گئی۔ افسران نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی میں صحت، خوشی، سکون، عزت اور کامیابی عطا فرمائے اور ان کی زندگی کا یہ نیا سفر خوشیوں اور اطمینان سے بھر دے۔اس موقع پر محکمہ زراعت توسیع کے افسران نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ چوہدری عبد الحمید، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب نے محکمہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے جس ترقی کے سفر کا آغاز کیا، اسے اسی جذبے، تسلسل اور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ ان کے وسیع تجربے، بصیرت اور خدمات سے آئندہ بھی رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ زراعت ملکی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ پاکستان کو نہ صرف زرعی اجناس میں خود کفیل بنانے بلکہ زرعی پیداوار کو برآمدی سطح تک لے جانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ اسی طرح ملک کی زرعی معیشت کے استحکام اور قومی اقتصادی ترقی میں محکمہ زراعت اپنے حصے کا مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔چوہدری عبد الحمید کی 36 سالہ قابلِ فخر خدمات، شفیق قیادت، اعلیٰ کردار اور انسان دوستی محکمہ زراعت کے افسران و ملازمین اور کاشتکار برادری کے لیے ایک قابلِ قدر ورثہ ہیں۔ ان کی شخصیت اور خدمات ہمیشہ عزت، محبت اور احترام کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی۔








