محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ربیع کے چارے کی کاشت فوری شروع کرکے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سیالکوٹ،کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔15ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ربیع کے چارے کی کاشت فوری شروع کرکے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکار برسیم، لوسرن اور اگیتی جئی سمیت موسم سرما کے سبز چارے کی فصلیں بروقت کاشت کریں تاکہ بہتر پیداوار حاصل کرنے کے ساتھ جانوروں کے لیے وافر سبز چارہ دستیاب ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ربیع کے چارے کی بروقت کاشت سے نہ صرف موسم سرما کے دوران مویشیوں کی سبز چارے کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کرکے مالی فائدہ بھی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ربیع کے چارے کی کاشت کے لیے زرخیز زمین کا انتخاب کیا جائے تاکہ فصل کی اچھی بڑھوتری اور بہتر پیداوار ممکن ہو۔انہوں نے بتایا کہ چارے کی کاشت سے قبل زمین کی اچھی تیاری انتہائی ضروری ہے۔ کاشتکار زمین میں 3 سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر اسے اچھی طرح نرم اور بھربھری کرلیں تاکہ بیج کے اگائو اور پودوں کی ابتدائی نشوونما کے لیے موزوں ماحول فراہم ہو سکے۔ زمین کی تیاری کے دوران فی ایکڑ 12 سے 15 گڈے گلی سڑی گوبر کی کھاد ڈالنے سے بھی بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہونے کی صورت میں فی ایکڑ 2 بوری ڈی اے پی کھاد استعمال کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ ربیع کے چارے کی کاشت میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں اور زمین، بیج اور کھاد کے حوالے سے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید رہنمائی کے لیے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔








