گندم کی اگیتی کاشت کیلئے کاشتکار ابھی سے زمین کی تیاری شروع کرد یں، محکمہ زراعت سمبڑیال

گندم کی اگیتی کاشت کیلئے کاشتکار ابھی سے زمین کی تیاری شروع کرد یں، محکمہ زراعت سمبڑیال

سیالکوٹ ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ گندم کی اگیتی کاشت کیلئے کاشتکار ابھی سے زمین کی تیاری شروع کرد یں اور داب کے عمل کے ذریعے جڑ ی بوٹیاں ختم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ اچھی پیداورکاحصول یقینی ہو سکے۔بدھ کو انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی زیادہ پیداوار کیلئے بروقت کاشت، شرح بیج ، آبپاشی اور زمین کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ زرعی ماہرین کاشتکاروں کو تمام ممکن رہنمائی فراہم کررہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر کسان میلے منعقد کرکے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کے بارے میں جدید زرعی سفارشات سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین زراعت کی سفارشات پر عمل کرکے کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کر سکتے ہیں، کاشتکار بہتر پیداوار کیلئے گندم سمیت ربیع کی دیگر فصلوں کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار ترقی دادہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج تمام شہروں میں قائم پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپو اور ڈیلرز سے حاصل کریں کیونکہ کارپوریشن نے فصلات ربیع کابیج وافر مقدار میں فراہم کردیا ہے اور اس بیج کے استعمال سے بیماریوں سے پاک پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکتا ہے ، کاشتکار اچھی شہرت کی حامل پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کی طرف سے سپلائی کردہ بیج بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام شہروں میں سیڈ گریڈرز کی سہولیات مہیا کررکھی ہیں جہاں سے سیڈ گریڈنگ کے بعد بیج کو کاشت کیا جاسکتاہے۔