ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے معلوماتی اور باہمی رابطے پر مبنی سیشن کا انعقاد

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے معلوماتی اور باہمی رابطے پر مبنی سیشن کا انعقاد

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے بدھ کو اسلام آباد میں ’’خواتین کاروباری شخصیات کے لیے ای کامرس اور ڈیجیٹل مہارتیں‘‘ کے عنوان سے ایک معلوماتی اور باہمی رابطے پر مبنی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد خواتین کاروباری شخصیات کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا جس کے لیے انہیں ای کامرس، ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آن لائن کاروبار کی ترقی، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع کے بارے میں عملی معلومات فراہم کی گئیں۔

تقریب میں ٹی ڈی اے پی کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ہیرا ارشد نے ٹارگٹڈ تربیت، آگاہی سیشنز اور ادارہ جاتی معاونت کے ذریعے خواتین کاروباری شخصیات کے لیے برآمدات کے مزید مواقع پیدا کرنے کی خاطر ٹی ڈی اے پی کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔ پی آئی ٹی اے ڈی کی ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان اور وزارتِ تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری (ٹریڈ پالیسی) سلمان مفتی نے بھی تقریب سےخطاب کیا۔ تقریب میں اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سابق صدر نعیمہ انصاری اور راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نائب صدر حنا ذوالفقار نے بھی شرکت کی۔ سیشن میں مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور خواتین کے زیر قیادت کاروباروں کو ڈیجیٹل معیشت میں زیادہ موثر طریقے سے حصہ لینے کے قابل بنانے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی اور ای کامرس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

تکنیکی سیشنز وزارت تجارت کے ڈائریکٹر جنرل (سروسز اینڈ ای کامرس) محمد عرفان نے منعقد کیے جنہوں نے ای کامرس ایکو سسٹم، ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آن لائن کاروبار کی ترقی، ڈیجیٹل ادائیگیوں، پالیسی و ضوابط سے متعلق امور اور کاروبار کی ترقی کے لیے ڈیٹا اور ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال کے بارے میں عملی معلومات فراہم کیں۔ شرکاء کو مقامی آن لائن فروخت سے برآمدات کی تیاری کی طرف منتقلی، صارفین کا اعتماد قائم کرنے، ڈیجیٹل کاروباری ریکارڈ کو برقرار رکھنے اور مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔سیشن میں خواتین کاروباری شخصیات اور اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔