وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور حالیہ چیمبر انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت، گروپ لیڈر و سابق صدر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کا راولپنڈی چیمبر کا دورہ، نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 17 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور حالیہ چیمبر انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت، گروپ لیڈر و سابق صدر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے نو منتخب صدر نوشیروان خلیل خان، سینئر نائب صدر وسیم اسلم اور نائب صدر اکرام الرحمن عباسی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی تمام 20 نشستوں پر کامیابی راولپنڈی کی تاجر برادری کی جانب سے راولپنڈی چیمبر اور میاں پرویز اسلم گروپ پر اعتماد کا اظہار کیاہے۔حنیف عباسی نے نئی قیادت کو اپنی وزارت کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ترقیاتی کاموں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ریلوے کی فریٹ سروس سے بھرپور استفادہ کرے، جس سے کاروباری سامان کی ترسیل میں سہولت حاصل ہو سکتی ہے۔اس موقع پر گروپ لیڈر و سابق صدر آر سی سی آئی سہیل الطاف نے کہا کہ چیمبر انتخابات میں تمام 20 نشستوں پر کامیابی ایک اعزاز کے ساتھ اہم ذمہ داری بھی ہے اور یہ تاجر برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو منتخب قیادت تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کرے گی۔نو منتخب عہدیداران نے تاجر برادری کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے چیمبر کی بہتری، کاروباری برادری کی فلاح اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بھرپور محنت اور عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








