وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اورچیمبر کے نومنتخب صدر نوشیروان خلیل خان، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام الرحمان عباسی اور پوری کابینہ کو عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کاروباری برادری کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
ایم ایل ون منصوبے کا افتتاح جنوری میں ہوگا، دو سال میں تکمیل کا ہدف ہے، وفاقی وزیر ریلوے

مزید خبریں
راولپنڈی۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اورچیمبر کے نومنتخب صدر نوشیروان خلیل خان، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام الرحمان عباسی اور پوری کابینہ کو عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کاروباری برادری کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
چیمبر کے عہدیداران اور تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون (ML-1) منصوبے کا باقاعدہ افتتاح آئندہ سال جنوری میں کیا جائے گا اور یہ منصوبہ دو سال کے قلیل عرصے میں مکمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کی تکمیل سے نہ صرف ریلوے کا نظام جدید اور تیز رفتار ہوگا بلکہ تاجر برادری کو بھی بہترین فریٹ سہولیات میسر آئیں گی۔محمد حنیف عباسی نے زور دے کر کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور روزگار کی فراہمی میں بزنس کمیونٹی کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے فریٹ سیکٹر کو فعال اور جدید بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ریلوے و کاروباری طبقے کا مضبوط اشتراک ملکی برآمدات اور تجارت کو نئی رفتار دے گا۔اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے گروپ لیڈر سہیل آفتاب اور نومنتخب صدر نوشیروان خلیل خان نے وفاقی وزیر کی ریلوے اصلاحات خصوصاً فریٹ شعبے میں عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے اور تاجروں کا باہمی تعاون معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ملاقات میں دونوں اداروں کے مابین تجارتی شراکت داری مزید بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔








