پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے ویانا میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی 70 ویں جنرل کانفرنس کے پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے توانائی، صحت، زراعت، آبی وسائل کے انتظام، جوہری تحفظ و سلامتی اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے ذریعے پاکستان کی وسیع تر خدمات اور اقدامات کو اجاگر کیا۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس میں پاکستان کے پرامن جوہری پروگرام کو اجاگر کیا
ویانا/اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے ویانا میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی 70 ویں جنرل کانفرنس کے پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے توانائی، صحت، زراعت، آبی وسائل کے انتظام، جوہری تحفظ و سلامتی اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے ذریعے پاکستان کی وسیع تر خدمات اور اقدامات کو اجاگر کیا۔ جمعرات کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے فروغ میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے مینڈیٹ اور اس کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
انرجی سکیوریٹی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں جوہری توانائی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے بتایا کہ پاکستان کے چھ آپریشنل جوہری بجلی گھر محفوظ اور موثر انداز میں مجموعی طور پر 3,530 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں سالانہ تقریباً 15 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچائو میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے چشمہ-5 (C-5) نیوکلیئر پاور پلانٹ پر تیز رفتار پیش رفت کو بھی اجاگر کیا اور بتایا کہ منصوبہ ڈوم پلیسمنٹ کے مرحلے کی جلد تکمیل کے لیے تیار ہے۔ صحت کے شعبے کے حوالے سے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے بتایا کہ پاکستان میں 83 نیوکلیئر میڈیسن اور ریڈیوتھراپی مراکز موجود ہیں جن میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 21 کینسر ہسپتال بھی شامل ہیں جہاں کینسر کی تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اپریل 2026ء میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی لاہور (انمول) کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے کولیبوریٹنگ سینٹر کا درجہ دیا گیا۔ ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے غذائی تحفظ اور آبی وسائل کے انتظام میں پاکستان کے کردار اور خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی (نیاب) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (پنسٹیک) کے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے کولیبوریٹنگ سینٹرز کے طور پر کردار کا بھی ذکر کیا۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے مشترکہ ایٹمز فار فوڈ اقدام میں پاکستان کی فعال شرکت کو بھی اجاگر کیا۔
جوہری تحفظ اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی (این آئی ایس اے ایس) اور پاکستان سینٹر آف ایکسیلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی (پی سی ای این ایس) کے قومی اور بین الاقوامی سطح پر استعداد کار بڑھانے میں کردار کو بھی اجاگر کیا۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے اعلان کیا کہ پاکستان 2027ء میں چوتھی انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (آئی این ایس او) کی میزبانی کرے گا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سعودی عرب میں حال ہی میں منعقدہ تیسری انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طلائی اور دو چاندی کے تمغے حاصل کیے۔









