وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم ڈیلرز و پمپ ایسوسی ایشنز کا کامیاب اجلاس ،پٹرولیم ڈیلرز و پمپ تنظیموں کاحکو متی فیول ریلیف اسکیم کا خیرمقدم ،مکمل تعاون کی یقین دہانی
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم ڈیلرز و پمپ ایسوسی ایشنز کا کامیاب اجلاس ،پٹرولیم ڈیلرز و پمپ تنظیموں کاحکو متی فیول ریلیف اسکیم کا خیرمقدم ،مکمل تعاون کی یقین دہانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم ڈیلرز و پمپ ایسوسی ایشنز کا کامیاب اجلاس منعقد ہوا، جس میں پٹرولیم ڈیلرز و پمپ تنظیموں نےحکو متی فیول ریلیف اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ڈیلرز کی جانب سے تعاون کو سراہااور پٹرولیم ڈیلرز کو عملدرآمد کے طریقہ کار، تحفظات اور اہم پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرکاء کو رقم کی واپسی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ فیول سکیم کے تحت جمع کرائے گئے کلیمز 48 گھنٹوں کے اندر پراسیس کیے جائیں گے، جس سے فیول ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرولیم ڈیلرز کو بروقت رقوم کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے شرکاء کو سکیم پر عملدرآمد کے لیے تیار کیے گئے ڈیجیٹل نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس کی سہولت اور شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، پٹرول پمپس فیول ریلیف اسکیم سے متعلق معاونت کے لیے 9772 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
پیٹرولیم پمپس اور ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے سکیم کے ہموار نفاذ اور عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پیٹرولیم ڈیلرز کے تعاون کو سراہتے ہوئے ریلیف اقدام پر مؤثر، شفاف اور بروقت عملدرآمد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم کے لیے تین ماہ کے فنڈز مختص، پہلے ماہ کے لیے 25 ارب روپے اسٹیٹ بینک کو فراہم بھی کر دیے گئے۔ اجلاس میں سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، ایڈیشنل سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، ڈائریکٹر جنرل آئل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اوگرا، او سی اے سی کے نمائندگان اور پیٹرولیم ڈیلرز و پمپس تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔








