پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں ’’شامِ موسیقی ‘‘کے عنوان سے محفل منعقد

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیر اہتمام پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں’’شامِ موسیقی‘‘ کے عنوان سے موسیقی کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیر اہتمام پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں’’شامِ موسیقی‘‘ کے عنوان سے موسیقی کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام میں معروف کلاسیکی موسیقار استاد اعجاز توکل خان، علی رضا توکل اور خیام حیدر توکل نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ فنکاروں نے پاکستانی موسیقی کی گراں قدر روایات سے جڑی دلنشیں دھنیں اور کلاسیکی موسیقی پیش کرکے حاضرین کو مسحور کر دیا۔شامِ موسیقی میں کلاسیکی موسیقی اور روایتی دھنوں کی خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا جبکہ روایتی سازوں پر بہترین موسیقی نے محفل کو مزید دلکش بنا دیا۔ فنکاروں کی فنکارانہ مہارت اور پُراثر اندازِ نے ایک سحر انگیز ماحول پیدا کیا جسے حاضرین نے سراہا۔تقریب میں موسیقی سے محبت کرنے والے افراد، فنکاروں، ثقافتی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یادگار شام سے لطف اندوز ہوئے۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پی این سی اے کی کلاسیکی اور روایتی موسیقی کے فروغ، نامور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کے گراں قدر موسیقی کے ورثے کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پی این سی اے آرٹ کے فروغ وترویج کے لئے کام کررہا ہے اور یہاں ملک کے نامور گلوکاروں کے علاوہ نوجوان ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو بھی مدعو کیا جاتا ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مزید بہتر پرفارم کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔