ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریکارڈ روم، حوالات سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کا کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریکارڈ روم، حوالات سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انچارج سی آئی اے ڈی ایس پی سلیمان شاہ، انچارج اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ اور تفتیشی افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی آئی اے کی مجموعی کارکردگی اور تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ہدایت کی کہ کار و موٹر سائیکل چوری اور راہزنی میں ملوث متحرک گینگز کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے جبکہ سابقہ ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کار و موٹر سائیکل چوری کے سامان کی خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنایا جائے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فرض شناسی، دلجمعی اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی میں غفلت، لاپرواہی اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔








