بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں میں اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
نجی شعبے کو بینکوں کے قرضوں کا حجم 10.9 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں میں اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق اگست کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 10.908 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست کے اختتام پر یہ حجم 9.48 ٹریلین روپے تھا۔جولائی 2026 کے مقابلے میں اگست کے دوران نجی شعبے کو فراہم کردہ بینک قرضوں میں ماہانہ بنیادوں پر 0.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی کے اختتام پر نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 10.89 ٹریلین روپے تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست کے اختتام پر نجی شعبے کے کاروبار کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 9.23 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 12.9 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست کے اختتام پر نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8.17 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 0.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی کے اختتام پر کاروباری شعبے کو فراہم کردہ بینک قرضوں کا حجم 9.28 ٹریلین روپے تھا جو اگست کے اختتام پر کم ہو کر 9.23 ٹریلین روپے رہ گیا۔








