وزیراعظم کا پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اظہارِ تشکر، یہ اہم کامیابی معاشی استحکام کی جانب ایک اور تاریخی سنگِ میل ہے ، شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اور تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اور تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنا معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے، ترسیلاتِ زر اور خدمات کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی بھی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہ صرف ملکی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا بلکہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی ہماری استعداد بھی کئی گنا بڑھائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مستحکم معاشی پوزیشن ملک میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔ وزیراعظم نےوزیر خزانہ محمد اورنگزیب ،گورنر اسٹیٹ بینک، حکومت کی معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک پاکستانی عوام کو اس اہم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی کے برعکس، زرمبادلہ کے ان ذخائر میں اضافہ بیرونی قرضوں میں اضافے کے ذریعے نہیں بلکہ بنیادی طور پرا سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے زرمبادلہ کی خریداری کے باعث ہوا ہے۔ مزید برآں، اسٹیٹ بینک نے اپنی زرمبادلہ سے متعلق واجبات میں بھی نمایاں کمی کی ہے۔