چیئرمین پاکستان علما کونسل اور کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو چرچ آف پاکستان کی جانب سے گلوبل پیس ایوارڈ دیا گیا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی کو چرچ آف پاکستان کی جانب سے گلوبل پیس ایوارڈ دیا گیا

مزید خبریں
لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل اور کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو چرچ آف پاکستان کی جانب سے گلوبل پیس ایوارڈ دیا گیا۔
ترجمان علما کونسل کے مطابق لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل نے انہیں یہ اعزاز پیش کیا اور پاکستان میں امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے چرچ آف پاکستان اور بشپ آزاد مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بشپ آزاد مارشل کی قیادت میں چرچ آف پاکستان، مختلف مذاہب اور مسلم مکاتبِ فکر کی قیادت کے ساتھ مل کر امن، قومی سلامتی اور استحکامِ پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے مسلم و غیر مسلم مذہبی قیادت کی مشترکہ جدوجہد پاکستان میں امن، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی اور قومی وحدت کو مزید مضبوط کرے گی۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن، مکالمے، مذہبی ہم آہنگی اور تمام پاکستانیوں کے جائز حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان میں رہنے والے غیر مسلم شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے لیے ان کا قومی و عالمی کردار ہر پاکستانی اور امن کے خواہاں افراد کے لیے قابلِ ستائش ہے۔








