لاہور، انسانی اسمگلنگ وویزا فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار

ایف آئی اے لاہور زون نے انسانی اسمگلروں اور جعلی ویزا ایجنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گلبرگ مین مارکیٹ لاہور سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے لاہور زون نے انسانی اسمگلروں اور جعلی ویزا ایجنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گلبرگ مین مارکیٹ لاہور سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم خالد عارف کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 17 پاکستانی پاسپورٹ، البانیہ کے 13 جعلی ویزا اپروول پیپرز اور 12 جعلی مہریں برآمد ہوئیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے جعلی کنٹریکٹ لیٹرز، ڈیمانڈ لیٹرز، میڈیکل اور پولیس سرٹیفیکیٹس سمیت دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف کارروائی مکمل کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔