بلوچستان کے مزید 296 موضعات تک فور جی سروس کی توسیع کا منصوبہ

یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے بلوچستان کے چار اضلاع میں 257,723 کی تخمینہ شدہ آبادی کے حامل 296 مواضعات کو 4G سروس فراہم کرنے کے لیے تین نئے رسائی منصوبوں کی نشاندہی کی ہے، جو صوبے میں پہلے سے جاری وسیع رابطہ کاری پروگرام کا تسلسل ہیں۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے بلوچستان کے چار اضلاع میں 257,723 کی تخمینہ شدہ آبادی کے حامل 296 مواضعات کو 4G سروس فراہم کرنے کے لیے تین نئے رسائی منصوبوں کی نشاندہی کی ہے، جو صوبے میں پہلے سے جاری وسیع رابطہ کاری پروگرام کا تسلسل ہیں۔

ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق نئے رسائی منصوبوں میں خضدار، ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور واشک کے اضلاع شامل ہیں۔تین منصوبوں میں سے خضدار لاٹ کا ٹھیکہ جنوری 2026 میں دیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت 75,637 کی تخمینہ شدہ آبادی کے حامل 144 مواضعات کو ہدف بنایا گیا ہے۔مجوزہ ڈیرہ بگٹی لاٹ میں ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے اضلاع شامل ہیں، جہاں 130,852 کی تخمینہ شدہ آبادی کے حامل 102 مواضعات کو ہدف بنایا گیا ہے، جبکہ واشک لاٹ میں 51,234 کی تخمینہ شدہ آبادی کے حامل مزید 50 مواضعات شامل ہیں۔یہ نئے منصوبے بلوچستان میں تھری جی ؍فورجی رابطہ کاری کی توسیع کے لیے یو ایس ایف کے وسیع تر رسائی پروگرام کا حصہ ہیں۔

دستاویز کے مطابق اپنے قیام سے اب تک یو ایس ایف نے 31 رسائی منصوبوں کے ٹھیکے دیے ہیں، جن میں سے 29 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دو پر کام جاری ہے۔دستاویز میں درج علاقے پر مبنی منصوبے 31 مختلف اضلاع کے 4,168 مو ضعات کا احاطہ کرتے ہیں، جن کی مجموعی آبادی 4.616 ملین ہے۔اس وقت زیرعمل منصوبوں میں پشین لاٹ پر 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ پشین، قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ کے اضلاع پر مشتمل اس منصوبے میں 646,620 کی آبادی کے حامل 378 مواضعات شامل ہیں۔

موجودہ پروگرام کے تحت خضدار لاٹ پر 25 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جس میں 75,637 کی آبادی کے حامل 144 مواضعات شامل ہیں۔حالیہ برسوں میں کئی دیگر منصوبے بھی مکمل کیے گئے ہیں، جن میں موسیٰ خیل لاٹ مارچ 2026، سبی لاٹ دسمبر 2025، لسبیلہ لاٹ نومبر 2025، قلعہ سیف اللہ لاٹ مئی 2025 اور لورالائی لاٹ جون 2025 میں مکمل ہوئے۔آبادی پر مبنی رابطہ کاری منصوبوں کے ساتھ یو ایس ایف نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر چار تھری جی فورجی منصوبے بھی مکمل کیے ہیں، جو بلوچستان کے 21 اضلاع میں مجموعی طور پر 2,140.58 کلومیٹر طویل سڑکوں کا احاطہ کرتے ہیں۔

ان منصوبوں میں این-10، این-25، این-65، این-50 اور این-70 قومی شاہراہوں کے مختلف حصوں کے علاوہ ایم-8 رتو ڈیرو-گوادر راہداری بھی شامل ہے۔مکمل اور مجوزہ منصوبے بلوچستان میں موبائل براڈبینڈ کے بنیادی ڈھانچے کی مسلسل توسیع کی عکاسی کرتے ہیں، جس میں دور دراز آبادیاں اور اہم شاہراہیں بھی شامل ہیں۔