نیوٹیک کی تربیت اور رہنمائی، کراچی کے نبیذ العارفین کو عالمی مہارتوں کے مقابلے تک لے گئی

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی تربیت، رہنمائی اور مسلسل معاونت سے کراچی کے نوجوان نبیذ العارفین نے گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی میں ضلعی سطح کے مقابلے سے قومی مہارتوں کے مقابلے اور بالآخر عالمی سطح تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی تربیت، رہنمائی اور مسلسل معاونت سے کراچی کے نوجوان نبیذ العارفین نے گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی میں ضلعی سطح کے مقابلے سے قومی مہارتوں کے مقابلے اور بالآخر عالمی سطح تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

نبیذ العارفین کو ڈیزائننگ میں شروع ہی سے گہری دلچسپی تھی اور انہوں نے اپنی جستجو اور مسلسل محنت سے گرافک ڈیزائننگ کی مہارتیں حاصل کیں۔ نیوٹیک کے زیر اہتمام ورلڈ سکلز پاکستان کے قومی مہارتوں کے مقابلے میں شرکت اور کامیابی کے بعد ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے خصوصی تربیت اور رہنمائی فراہم کی گئی۔

نیوٹیک نے نبیذ العارفین کو عالمی مقابلے کی تیاری کے مختلف مراحل میں رہنمائی، تربیت اور معاونت فراہم کی جس کے نتیجے میں وہ اب ورلڈ سکلز شنگھائی 2026 میں گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے تیار ہیں۔

نیوٹیک کے تحت فنی و پیشہ وارانہ مہارتوں کے فروغ کے لئے جاری اقدامات پاکستانی نوجوانوں کو ملکی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ ساتھ عالمی مہارتوں کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔نبیذ العارفین کا سفر اس امر کی مثال ہے کہ نیوٹیک کی مؤثر تربیت اور رہنمائی سے نوجوان اپنی فنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کر سکتے ہیں۔