بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام ’’بیرون ملک ماہر نفسیات کے طور پر کیریئر‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کو بیرون ملک پیشہ ورانہ مواقع، ملازمت کے حصول، دستاویزات، رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام ’’بیرون ملک ماہر نفسیات کے طور پر کیریئر‘‘ کے موضوع پر سیمینار

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام ’’بیرون ملک ماہر نفسیات کے طور پر کیریئر‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کو بیرون ملک پیشہ ورانہ مواقع، ملازمت کے حصول، دستاویزات، رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ سیمینار میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر منظور خان آفریدی، شعبہ نفسیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر نازیہ اقبال،سٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر رخسانہ طارق، فیکلٹی ارکان اور بی ایس و ایم ایس نفسیات کے طلبہ نے شرکت کی۔
سیمینار کی مقرر ڈاکٹر انعم خان آسٹریلین ہیلتھ پریکٹیشنر ریگولیشن ایجنسی سے رجسٹرڈ ماہر نفسیات اور آسٹریلین ایسوسی ایشن آف سائیکالوجسٹ کی رکن ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ویتھرل پارک میڈیکل اینڈ ڈینٹل سینٹر میں ماہر نفسیات کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر انعم خان نے شرکا کو بیرون ملک ماہر نفسیات کے طور پر کیریئر بنانے کے مختلف پہلوئوں، ملازمت تلاش کرنے کی حکمت عملی، ضروری دستاویزات، پیشہ ورانہ رجسٹریشن اور لائسنس کے حصول کے طریقہ کار سے تفصیلی آگاہ کیا جبکہ آسٹریلیا میں پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے لیے درکار تقاضوں پر خصوصی روشنی ڈالی۔ پروگرام کا آغاز استقبالیہ کلمات اور تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
اختتام پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر منظور خان آفریدی اور چیئرپرسن شعبہ نفسیات ڈاکٹر نازیہ اقبال نے ڈاکٹر انعم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بین الاقوامی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے متعلق فراہم کردہ معلومات طلبہ کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔ انہوں نے شعبہ نفسیات کی جانب سے طلبہ کی پیشہ ورانہ رہنمائی کے لیے سیمینار کے انعقاد کو بھی سراہا۔








