وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکہ کی مذمت

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے،دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے بزدلانہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے بہادر جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، وطنِ عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے تک دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔