پاکستان علماء کونسل نے کوہاٹ میں ہونے والے خودکش دھماکے اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔جمعہ کو ایک مشترکہ بیان میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل، مولانا ابو بکر صابری، مولانا اسلم صدیقی، مولانا انوار الحق مجاہد اور دیگر علماء و مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والے نہ مسلمان …
پاکستان علماء کونسل کی کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل نے کوہاٹ میں ہونے والے خودکش دھماکے اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔جمعہ کو ایک مشترکہ بیان میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل، مولانا ابو بکر صابری، مولانا اسلم صدیقی، مولانا انوار الحق مجاہد اور دیگر علماء و مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والے نہ مسلمان ہیں اور نہ انسان جبکہ معصوم جانوں کا قتل اسلام کی بنیادی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ذریعے ملک میں خوف، بدامنی اور عدم تحفظ پیدا کرنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتے۔علماء و مذہبی رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ پوری قوم کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف متحد رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنا کر پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے اور پاکستان و اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے سوا کچھ نہیں کر رہا۔
پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور سوگوار خاندانوں کے لئے صبر و استقامت کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لئے قوم، علماء، مذہبی رہنماؤں اور ریاستی اداروں کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔علماء نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔








