وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو کی ملاقات، توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو کی ملاقات، توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات، ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت اور ترک سرمایہ کاروں کی شرکت سمیت پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملاقات میں ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے حکومت کی جانب سے اب تک مکمل کیے گئے اقدامات اور جاری عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے ڈسکوز کی نجکاری کے لیے درکار پالیسی، اصلاحاتی اور ادارہ جاتی امور پر اپنا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ نجکاری کا عملی عمل اب متعلقہ فورم اور نجکاری کمیشن کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان پاور سیکٹر میں نجی شعبے کی مؤثر شرکت کے ذریعے بجلی کی تقسیم کے نظام کی کارکردگی، مالیاتی پائیداری، گورننس اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون پہلے ہی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔انہوں نے ترکیہ کے دورے کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے توانائی کے شعبے کے اہم اداروں کے درمیان طے پانے والے تین مفاہمتی یادداشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں نے دونوں ممالک کے درمیان بجلی کی مارکیٹ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں ترک کمپنیوں کی دلچسپی اور شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی کمپنیوں کا عملی تجربہ اور توانائی کے شعبے میں مہارت پاکستان کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترک سرمایہ کاروں کی جانب سے نجکاری کے عمل میں دلچسپی اور اس حوالے سے ان کی مسلسل شمولیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون اب محض تجربات اور معلومات کے تبادلے تک محدود نہیں رہا بلکہ ادارہ جاتی روابط، تکنیکی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ ترک سفیر نے پاکستان میں پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور نجی شعبے کی شرکت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیاں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں جبکہ ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں ترک سرمایہ کاروں کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔

ترک سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں جاری ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور متعلقہ ترک کمپنیوں و اداروں کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے متعلقہ ادارے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور نجی شعبے کی شمولیت کے فروغ کے لیے باہمی روابط کو مزید مستحکم کریں گے۔