چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکہ کی شدید مذمت، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی بربریت ہے، دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی بربریت ہے، دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، دہشت گردی کے خلاف قوم اور سکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے، حکومت اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں اور دہشت گردوں کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد جاری رہے گی اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے دھماکے کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔