کومسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں طلبہ کو کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور سٹوڈنٹ سٹارٹ اپ بزنس سینٹر میں داخلے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد
کومسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں طلبہ کو کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور سٹوڈنٹ سٹارٹ اپ بزنس سینٹر میں داخلے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):کومسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں طلبہ کو کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور سٹوڈنٹ سٹارٹ اپ بزنس سینٹر (ایس ایس بی سی) میں داخلے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ کومسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی) اور ایس ایس بی سی کے زیر اہتمام ’’اپنی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کریں: ایس ایس بی سی میں داخلہ کیسے لیا جائے‘‘ کے عنوان سے سیمینار الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سیمینار ہال میں منعقد ہوا۔
سیمینار کا مقصد طلبہ کو ایس ایس بی سی کے پلیٹ فارم، اس کے تحت دستیاب مواقع، سہولیات، رہنمائی اور معاونت سے آگاہ کرنا اور انہیں موجودہ داخلہ مہم میں درخواست دینے کی ترغیب دینا تھا۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ ایس ایس بی سی انہیں اپنے جدید کاروباری خیالات کو قابل عمل اور تجارتی بنیادوں پر کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس بی سی کے سابق طلبہ اور کاروباری منصوبوں سے وابستہ نوجوانوں کو بھی مدعو کیا گیا جنہوں نے ایس ایس بی سی میں اپنے تجربات، کاروباری سفر اور حاصل ہونے والی عملی تربیت سے آگاہ کیا۔
سابق طلبہ نے موجودہ طلبہ کو کاروباری خیالات کو عملی شکل دینے، درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور کامیاب سٹارٹ اپ کے قیام کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔سیمینار میں 200 سے زائد طلبہ نے شرکت کی جو نوجوانوں میں کاروبار، جدت اور سٹارٹ اپس کے حوالے سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ منتظمین کے مطابق ایس ایس بی سی میں جاری داخلہ مہم کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 ستمبر 2026ء ہے۔








