غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں جاری مالی سال کے دوران 13.37 فیصد کمی ,ایس بی پی

پاکستان میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں جاری مالی سال کے دوران 13.37 فیصد کمی ہوئی ہے

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں جاری مالی سال کے دوران 13.37 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 27-2026 کے ابتدائی دو ماہ مین جولائی اور اگست 2026 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کا حجم 557.6 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی اور اگست 2025 کے دوران 643.7 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے تھے۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 86.1 ملین ڈالر یعنی 13 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں منافع جات کی منتقلی میں مجموعی طور پر 3.87 فیصد کی بڑھوتری ہوئی تھی اور دوران سال غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 2.3 ارب ڈالر کے منافع جات اپنے اپنے ممالک کو منتقل کئے گئے تھے۔ ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی اور اگست کے دوران سب سے زیادہ منافع جات 161.2 ملیں ڈالر چین منتقل کئے گئے ہیں تاہم گزشتہ مالیسال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران کم منافع جات کی منتقلی ہوئی ہے کیونکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی اور اگست کے دوران چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے 205.6 ملین ڈالر کے منافع جات چین بھیجے گئے تھے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں ہالینڈ کو 107 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی جبکہ برطانیہ کو 103 ملین ڈالر کے منافع جات منتقل کئے گئے ہین۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ہالینڈ اور امریکا کو بالترتیب 86.7 ملین ڈالر اور 147.5 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی کی گئی تھی