اینٹی نارکوٹکس فورس نے پشاور کے2 علاقوں حسن گڑھی اورملاکنڈھیر واقع رہائشی مکانات میں قائم غیر معیاری نشہ آور گولیوں کی مینوفیکچرنگ میں ملوث 2گروہوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی تیاری اور تقسیم میں ملوث عناصر کے خلاف اہم کامیابی حاصل کر لی
اینٹی نارکوٹکس فورس کی پشاور میں بڑی کارروائیاں، رہائشی مکانات میں نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے2 نیٹ ورک بے نقاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے پشاور کے2 علاقوں حسن گڑھی اورملاکنڈھیر واقع رہائشی مکانات میں قائم غیر معیاری نشہ آور گولیوں کی مینوفیکچرنگ میں ملوث 2گروہوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی تیاری اور تقسیم میں ملوث عناصر کے خلاف اہم کامیابی حاصل کر لی۔ہفتہ کوترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران انکشاف ہوا کہ حسن گھڑی پشاور میں واقع ایک رہائشی مکان میں غیر قانونی طور پر نشہ آور گولیاں تیار کی جا رہی تھیں۔ مذکورہ مکان پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری،25.910کلوگرام مختلف اقسام کا کیمیکل، 4500تیار شدہ نشہ آور گولیاں اور منشیات کی ترسیل کیلئے استعمال ہونے والی 3عدد گاڑیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔کارروائی کے دوران 4ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں ایک ملزم فارماسسٹ بھی شامل ہے جو کہ اس غیرقانونی سیٹ اپ کا نگران تھا۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ مذکورہ سیٹ اپ سے تقریباً 90,000 سے 100,000 گولیاں ماہانہ تیار کر رہے تھے۔دوسری کارروائی کے دوران پشاور سے گرفتار دوسرے ملزم کی نشاندہی پرناصر باغ روڈملاکنڈھیر میں واقع رہائشی مکان پر چھاپہ مار کر غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹ کو بے نقاب کیا اور موقع سے ایک اور ملزم کوبھی گرفتار کر لیا۔کارروائی کے دوران مذکورہ گھر سے 4.500کلوگرام تیار شدہ اور تیاری کے مراحل میں موجود ایکسٹیسی ٹیبلٹس، خام مال اور ٹیبلٹس بنانے والی مشین برآمد کی گئی۔پکڑا جانے والے سیٹ اپ انتہائی سادہ، ابتدائی نوعیت اور مقامی سطح پر قائم کئے گئے غیر معیاری یونٹ تھےجو کسی باقاعدہ فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ سہولت کے معیار کا حامل نہیں تھے جن میں تیار ہونے والی منشیات جان لیوا ثابت ہو سکتی تھیں۔ ان نشہ آورگولیوں کا ہدف ہماری نوجوان نسل ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے اے این ایف تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے لیکن منشیات کے خلاف جنگ ایک ادارے کی نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔ اے این ایف منشیات سے پاک معاشرے کے مشن پر پورے عزم اور قوت کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے۔








