نئی آٹو پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی ،ہارون اختر خان

وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی، جس میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے مراعات شامل ہوں گی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ …

اسلام آباد /لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی، جس میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے مراعات شامل ہوں گی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت حکومت آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے اور مقامی صنعت کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔سمیڈا، پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچررزکے اشتراک سے 21ویں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 میں بطور اسٹریٹجک پارٹنر شرکت کر رہا ہے۔

تین روزہ نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی صنعت کار، کاروباری شخصیات اور مندوبین شریک ہیں۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی آٹوموٹیو صنعت میں ترقی اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستان آٹو شو مقامی مینوفیکچرنگ، جدت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ PAAPAM اور شعبے سے وابستہ MSMEs کو بھرپور معاونت فراہم کرے تاکہ وہ نئی ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکیں۔سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ آٹوموٹیو شعبہ ایس ایم ایز کی قیادت میں صنعتی ترقی کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے۔

سمیڈا، پاپام کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ایم ایس ایم ایز کو جدید ٹیکنالوجی، کاروباری شراکت داری اور ملکی و عالمی مارکیٹوں تک رسائی کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔پی اے پی ایس 2026 کے کنوینر سلمان سلیم نے سمیڈا کی شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایس ایم ای شرکت اور "میک اِن پاکستان” وژن کے تحت مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 19 ستمبر کو سمپوزیم بھی منعقد ہوگا، جس میں مستقبل کے لیے روڈ میپ پر غور کیا جائے گا۔