وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کا جہلم میں پیٹرول پمپس کا دورہ

وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ جہلم میں پیٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی پیٹرول کی فراہمی، رجسٹریشن اور ٹوکن کے نظام کا عملی جائزہ لیا۔

جہلم۔ 19 ستمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ جہلم میں پیٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی پیٹرول کی فراہمی، رجسٹریشن اور ٹوکن کے نظام کا عملی جائزہ لیا۔

انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرکے اسکیم سے متعلق ان کی آراء بھی معلوم کیں۔اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر کوٹے پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جا رہی ہے۔ اہل شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم کے ذریعے 9771 پر رجسٹریشن اور ٹوکن حاصل کرکے رعایت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے شہریوں سے زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی مؤثر رہنمائی اور ریلیف کی شفاف و بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔