نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایندھن سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ اعظم کی خصوصی ریلیف سکیم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ہفتہ کو نائب وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایندھن اسٹیشنوں کی بھاری اکثریت نظام پر فعال ہے جبکہ ملک بھر میں 9771 پر ایس …
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایندھن سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس ،وزیرِ اعظم کی خصوصی ریلیف سکیم کے نفاذ کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایندھن سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ اعظم کی خصوصی ریلیف سکیم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ہفتہ کو نائب وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایندھن اسٹیشنوں کی بھاری اکثریت نظام پر فعال ہے جبکہ ملک بھر میں 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور شہری فیول ٹوکن حاصل کر رہے ہیں۔
کمیٹی نے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی سے محروم علاقوں میں واقع پٹرول پمپس کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے ایندھن کے ٹوکن کی ریڈیمپشن کی منظوری دی۔ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبے ایسے اسٹیشنوں کی فہرستیں فراہم کریں گے تاکہ انہیں بلا تاخیر اسکیم میں شامل کیا جا سکے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین دنوں میں موصول ہونے والے تمام پیمنٹ کلیمز مکمل طور پر حل کر دیے گئے ہیں اور ہر روز موصول ہونے والے کلیمز اسی دن نمٹا ئے جا رہے ہیں ۔
نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ نے ہدایت کی کہ ہر وہ پٹرول پمپ جو کھلا اور فعال ہے، اسے نظام میں شامل کیا جائے اور جو اسٹیشن مستقل طور پر بند یا صرف ڈیزل کی فروخت سے وابستہ پائے جائیں، ان کی نشاندہی کر کے فہرست سے نکالا جائے تاکہ اسکیم کی کوریج زمینی صورتحال کی عکاسی کرے۔ نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ نے صوبائی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون کا اعتراف کیا اور کہا کہ امداد بغیر کسی رکاوٹ کے مطلوبہ مستفیدین تک پہنچتی رہنی چاہیے۔
اجلاس میں وزرائے پٹرولیم، اقتصادی امور، اطلاعات و نشریات اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن؛ ڈپٹی گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین اوگرا، چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی، سیکرٹری پٹرولیم، چیف کمشنر آئی سی ٹی، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔






