پولیس لائن دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 کوہاٹ کی جانب سے جاری امدادی و ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا

پولیس لائن دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 کوہاٹ کی جانب سے جاری امدادی و ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ نور الامین خٹک نے کی جبکہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں، ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو وسائل نے بھرپور حصہ لیا۔

پشاور۔ 19 ستمبر (اے پی پی):پولیس لائن دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 کوہاٹ کی جانب سے جاری امدادی و ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ نور الامین خٹک نے کی جبکہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں، ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو وسائل نے بھرپور حصہ لیا۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں اور ایمبولینسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 91 زخمیوں اور مریضوں کو مختلف ہسپتالوں منتقل کیا جبکہ 23 شہداء کے جسدِ خاکی بھی ہسپتال منتقل کیے گئے۔

ریسکیو 1122 کوہاٹ کی جانب سے جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 24 ایمبولینسز، ریسکیو وہیکلز اور ریکوری وہیکل سمیت 60 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کوہاٹ کے علاوہ کرک اور ہنگو سمیت دیگر اضلاع سے بھی اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچے۔آپریشن کے بعد 15 شہداء کے جسدِ خاکی نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے ان کے آبائی اضلاع کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور مردان منتقل کیے گئے۔

دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے 7 افراد کو مزید علاج معالجے کےلیے پشاور منتقل کیا گیا جن میں 5 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال جبکہ 2 کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ جواد آفریدی نے بتایا کہ دوران آپریشن ریسکیو 1122 کوہاٹ کی ٹیموں نے انتہائی مشکل، حساس اور خطرناک حالات میں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ، ریسکیو اور میڈیکل امداد کی کارروائیاں مؤثر انداز میں انجام دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے فرض شناسی، جذبۂ خدمت اور بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔