وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے، کوئی لیڈر، قیادت یا دولت پاکستان سے بڑی نہیں، ملک ہے تو ہم ہیں، موجودہ حالات میں ہمیں دشمن کے کھیل سے باخبر رہتے ہوئے قومی یکجہتی اور ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہو گا۔
موجودہ حالات میں ہمیں دشمن کے کھیل سے باخبر رہتے ہوئے قومی یکجہتی اور ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہو گا،محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
راولپنڈی۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے، کوئی لیڈر، قیادت یا دولت پاکستان سے بڑی نہیں، ملک ہے تو ہم ہیں، موجودہ حالات میں ہمیں دشمن کے کھیل سے باخبر رہتے ہوئے قومی یکجہتی اور ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہو گا۔ بنگش کالونی میں لیڈیز پارک کے افتتاح سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ذاتی مفادات کے بجائے عوامی خدمت، ترقی اور فلاحی منصوبوں کو ترجیح دی ہے، راولپنڈی کے بڑے ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی، فاطمہ جناح یونیورسٹی اور کرکٹ اسٹیڈیم سمیت متعدد منصوبے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مکمل ہوئے جبکہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی)، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) اور میٹرو بس منصوبہ بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کے اہم اقدامات ہیں۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور صفائی کے نظام میں بہتری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مشکل حالات میں بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا، کارکنوں نے مشکلات اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں تاہم حوصلہ نہیں ہارا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں راولپنڈی سے مہاجرین کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے یہ کامیابی قائد محمد نواز شریف کو تحفے میں دی ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ بنگش کالونی میں عوام کا جوش و خروش اور والہانہ استقبال عوام کی جانب سے ترقیاتی اقدامات کی پذیرائی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور راولپنڈی کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں مختلف شعبوں میں اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی اور بہتری کے لیے ملک بھر میں کام جاری ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔








