پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (پی اے ای سی) کے پیٹرن ان چیف سفیر حامد اصغر خان نے کہا ہے کہ آئندہ روانڈا پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے استحکام اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے یہ بات روانڈا کےسفارتخانے میں پاکستانی کاروباری وفد کی روانڈا روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب …
پاکستان، روانڈا بزنس و انویسٹمنٹ فورم دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا،حامد اصغر خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (پی اے ای سی) کے پیٹرن ان چیف سفیر حامد اصغر خان نے کہا ہے کہ آئندہ روانڈا پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے استحکام اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے یہ بات روانڈا کےسفارتخانے میں پاکستانی کاروباری وفد کی روانڈا روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 23 سے 25 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والا فورم پاکستانی کاروباری اداروں کو مشرقی افریقی ملک روانڈا میں سرمایہ کاری، تجارت اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
سفیر حامد اصغر خان نے کہا کہ پی اے ای سی فورم اورپاکستانی کاروباری وفد کےدورے کی مکمل حمایت کرتا ہے، یہ دورہ پاکستان کے روانڈا اور وسیع تر افریقی خطے کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ ایک اہم اقتصادی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ افریقہ مسابقتی ترقی، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتی افریقی معیشتوں کی جانب سے پیش کردہ مواقع سے زیادہ استفادہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’’لُک افریقہ‘‘ پالیسی ایک مثبت آغاز ہے تاہم افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے مستقل سیاسی عزم اور حکومتی و نجی شعبے کی سطح پر مضبوط روابط ضروری ہیں۔
روانڈا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک نے خود کو ایک مسابقتی اور کاروبار دوست معیشت کے طور پر منوایا ہےجہاں امن و استحکام، ہنرمند افرادی قوت، زمین کی دستیابی، توانائی تک رسائی اور سازگار کاروباری ماحول بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادویہ سازی، زراعت و فوڈ پروسیسنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا پاکستان اور روانڈا کے درمیان تعاون کے اہم شعبے ہو سکتے ہیں۔سفیر حامد اصغر خان نے کہا کہ روانڈا کی مسلسل اقتصادی ترقی نے پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے متعدد مواقع پیدا کیے ہیں۔ پاکستانی کمپنیاں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے روانڈا میں شراکت داری، سرمایہ کاری کے منصوبوں اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روانڈا سمیت مشرقی افریقی معیشتوں میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کے پیش نظر پاکستانی کاروباری اداروں کو خطے میں ابھرنے والے مواقع کا فعال طور پر جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وفد دورے کے دوران روانڈا کے سرکاری اداروں،کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کےنمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا۔ ملاقاتوں میں تجارت و سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی تعاون، مینوفیکچرنگ، زراعت، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی تجارتی دلچسپی کے دیگر شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفیر اصغر خان نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا، بالخصوص پاکستانی کاروباری اداروں اور ہنرمند پیشہ ور افراد کو افریقہ کی ابھرتی ہوئی منڈیوں سے منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی معاہدے پر دستخط بھی دورے کا ایک اہم سنگ میل متوقع ہےجو پاکستان اور روانڈا کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کی بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔








