پاکستان کی ترقی میں انجینئرنگ وآٹو موٹیو شعبے کا اہم کردار ہے، یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام میں انجینئرنگ کے شعبے کا بنیادی کردار ہے، آٹو موٹیو صنعت ملکی صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم حیثیت رکھتی ہے، حکومت صنعت و کاروبار کے فروغ کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔

لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام میں انجینئرنگ کے شعبے کا بنیادی کردار ہے، آٹو موٹیو صنعت ملکی صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم حیثیت رکھتی ہے، حکومت صنعت و کاروبار کے فروغ کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان آٹو شو 2026 کے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز کے آرگنائزر سید نبیل ہاشمی، پاپام کے عہدیداران، آٹو موٹیو صنعت سے وابستہ صنعتکاروں اور کاروباری افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تقریب میں آٹو موٹیو صنعت سے وابستہ صنعتکاروں، کاروباری شخصیات، پاپام کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انہیں پاکستان آٹو شو 2026 کے سالانہ عشائیہ کی تقریب میں شرکت کرکے دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبے میں وسیع صلاحیت موجوداور اس صلاحیت کو بروئے کار لا کر ملک میں صنعتی پیداوار کو فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹو موٹیو پارٹس اور اس سے منسلک صنعتیں ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، مقامی سطح پر گاڑیوں کے پرزہ جات کی تیاری سے نہ صرف درآمدی انحصار کم کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ صنعت سے وابستہ دیگر شعبوں کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور ہنر مند افرادی قوت کے ذریعے پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت کو مزید آگے لے جایا جا سکتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دنیا بھر میں صنعتی ترقی تیزی سے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ہنر مند انسانی وسائل سے منسلک ہو رہی ہے، اس لیے پاکستان کو بھی ان شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، تعلیمی اداروں، صنعت اور حکومت کے درمیان مضبوط روابط قائم کرکے ان مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کی تجاویز کو اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صنعت اور حکومت کے درمیان مسلسل رابطہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مقامی صنعت کو مضبوط بنانا، نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے،آٹو موٹیو پارٹس تیار کرنے والے صنعتکار ملک میں روزگار اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملکی پیداوار میں بھی اہم حصہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان آٹو شو کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے صنعتی و کاروباری پلیٹ فارم مقامی صنعت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، صنعتکاروں و کاروباری افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور نئی کاروباری شراکت داری کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،اس طرح کی سرگرمیوں سے پاکستانی مصنوعات اور صنعتی صلاحیت کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں ،انہیں جدید فنی تعلیم اور عملی تربیت فراہم کرکے صنعتی شعبے کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا سکتا ہے، صنعتوں کو درکار ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے تعلیمی اور تربیتی اداروں کو صنعتکاروں کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آٹو موٹیو صنعت کے فروغ کے لیے مقامی سطح پر جدید پرزہ جات کی تیاری، معیار میں بہتری، تحقیق و ترقی اور نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں ترقی سے ملک کی مجموعی صنعتی بنیاد مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔تقریب کے دوران پاکستان آٹو شو 2026 کے حوالے سے صنعت کی ترقی، آٹو موٹو پارٹس کی تیاری، مقامی صنعت کے فروغ اور کاروباری مواقع کے حوالے سے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے چیئرمین سینیٹ کی تقریب میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی اور صنعتی شعبے کے درمیان موثر رابطہ ملکی صنعت کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی پر مینوفیکچررز میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔