عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، طارق فضل چوہدری

عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کےباوجود حکومت نے معاشرے کے مستحق طبقات کے لیے ہدفی سبسڈیز سمیت متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں جبکہ اخراجات میں کمی کے لیے سرکاری ظہرانے اور عشائیے بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔

انہوں نے حکومتی شعبوں میں مالیاتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی اصلاحات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات ملکی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔سیاسی امور سے متعلق سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےسیاسی جماعتوں کے درمیان مسلسل مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی روابط کےذریعے اختلافات کو دور کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ اور احتجاج موجودہ چیلنجز کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سڑکوں کی بندش، تشدد کے ذریعے شہری زندگی اور عوامی خدمات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے اور انہیں بلا ضرورت رکاوٹ کے بغیر روزمرہ امور انجام دینے کا موقع فراہم کرے۔