نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اسلام آباد سے نیویارک کے لیے روانہ ہو گئے جہاں وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ 21 سے 25 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اسلام آباد سے نیویارک کے لیے روانہ ہو گئے جہاں وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ 21 سے 25 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم دورے کے دوران جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے جس دوران وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو اجاگر کریں گے۔

وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے کئی وزارتی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے جن میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس کے ساتھ ساتھ دیگر او آئی سی رابطہ گروپس کے اجلاس بھی شامل ہیں۔فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کی عکاسی کے طور پر وزیر خارجہ مسئلہ فلسطین پر کئی اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے جن میں 8 عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے اجلاس کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کا اعلیٰ سطح کے وزارتی اجلاس بھی شامل ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مصنوعی ذہانت کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی بریفنگ کے دوران وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ردعمل سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ خطاب بھی کریں گے۔ وہ ای سی او کونسل آف منسٹرز کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔نائب وزیر اعظم ووزیرخارجہ کئی ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔اپنی وسیع مصروفیات کے دوران وہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالیں گے اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے