سیالکوٹ کے تھانہ مرادپور کی پولیس نے پیزا شاپ کے ورکرز سے ان کی رہائش پر ڈکیتی کی واردات کا سراغ لگا کر تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا
سیالکوٹ، پیزا شاپ کے ملازمین سے ڈکیتی کے ملزمان گرفتار، مالِ مسروقہ برآمد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 20 ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ کے تھانہ مرادپور کی پولیس نے پیزا شاپ کے ورکرز سے ان کی رہائش پر ڈکیتی کی واردات کا سراغ لگا کر تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق 8 ستمبر 2026 کے روز گوہدپور میں موجود پیزا شاپ کےملازم اپنے ہاسٹل میں موجود تھے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فونز چھین لیے اور فرار ہو گئے۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 1051/26 تھانہ مرادپور میں درج کیا گیا۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے غریب محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔ ڈی ایس صدر سرکل رانا ندیم طارق کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مرادپور وقاص اکبر کی ٹیم نے پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے سیف سٹی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا ۔گرفتار ملزمان میں ذوالقرنین، لقمان علی اور صائم مشتاق شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی ہزاروں روپے نقدی، 5 موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونیوالے 2 عدد ناجائز پسٹل 30 بور برآمد کیے گئے ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔








