نسٹ ،اسلام آباد کیمپس میں گرین واک کا انعقاد

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے اسلام آباد کیمپس میں گرین واک کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے سٹاف اور طلبا نے ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف کی قیادت میں شرکت کی۔ اس واک کا مقصد ماحولیاتی ذمہ داری اور پائیداری کے عزم کا اجتماعی اظہار تھا۔ نسٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گرین واک یونیورسٹی سپورٹس کے عالمی دن (IDUS) کی دسویں سالگرہ …

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے اسلام آباد کیمپس میں گرین واک کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے سٹاف اور طلبا نے ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف کی قیادت میں شرکت کی۔ اس واک کا مقصد ماحولیاتی ذمہ داری اور پائیداری کے عزم کا اجتماعی اظہار تھا۔ نسٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گرین واک یونیورسٹی سپورٹس کے عالمی دن (IDUS) کی دسویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقد کی گئی ۔

اس موقع پر انٹرنیشنل یونیورسٹی سپورٹس فیڈریشن نے اپنے عالمی اقدام "10 سال – 10 کلومیٹر” کا آغاز کیا، جس کے تحت دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کو 10 کلومیٹر طویل کھیلوں یا جسمانی سرگرمی کے انعقاد کی دعوت دی گئی۔واک کا اختتام ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف کے خطاب پر ہوا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایک صحت مند، توانا اور متوازن معاشرے کی تشکیل میں صحت مند طرزِ زندگی اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے نسٹ برادری کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تندرستی، جسمانی سرگرمی اور صحت مند انتخاب کو اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔ تقریب کے ذریعے منشیات کے استعمال کے خلاف بھی آگاہی پیدا کی گئی اور صحت مند و منشیات سے پاک طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی گئی۔