کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد میں پانچ اہم ہوٹل پلاٹس کی اوپن نیلامی 26 ستمبر 2026 کو کرے گی جس کامقصددارالحکومت میں ہوٹل اور مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔نیلامی صبح 10 بجے جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی، جہاں سرمایہ کاروں کو اسلام آباد میں اہم مقامات پر ہوٹل منصوبوں کے لیے پلاٹس حاصل کرنے کا موقع فراہم …
سی ڈی اے پانچ اہم ہوٹل پلاٹس 26 ستمبر کو نیلام کرے گا

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد میں پانچ اہم ہوٹل پلاٹس کی اوپن نیلامی 26 ستمبر 2026 کو کرے گی جس کامقصددارالحکومت میں ہوٹل اور مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔نیلامی صبح 10 بجے جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی، جہاں سرمایہ کاروں کو اسلام آباد میں اہم مقامات پر ہوٹل منصوبوں کے لیے پلاٹس حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
نیلامی میں پلاٹ نمبر 22،ڈی-12 مرکز، کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6، ایف-5/1، فائیو اسٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ایف-5/1، سری نگر ہائی وے پر اسپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان ای-11 ناردرن اسٹرپ میں ہوٹل پلاٹ اور ایک دیگر پلاٹ شامل ہے۔سی ڈی اے نے سرمایہ کاروں کے لیے ایک سالہ لچکدار ادائیگی کا منصوبہ متعارف کرایا ہےجبکہ 75 فیصد ادائیگی پرباقی رقم کی بینک گارنٹی کے ساتھ قبضہ دیا جائے گا۔ 25 فیصدڈپازٹ پر بلڈنگ پلان کی منظوری، 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی پر مجموعی رقم میں 5 فیصد رعایت جبکہ امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی پر مزید 5 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔
سی ڈی اے بجلی کی لائنوں کی منتقلی، سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن، اراضی کی کلیئرنس اور علیحدہ رابطہ سڑکوں کی فراہمی میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔سی ڈی اے کے مطابق یہ نیلامی محض اراضی کے حصول کا موقع نہیں بلکہ اسلام آباد کے مستقبل میں سرمایہ کاری کا ایک اہم موقع ہے، ایسے وقت میں جب دارالحکومت اعلیٰ سطحی سفارت کاری، امن اقدامات اور بین الاقوامی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے۔اپریل 2026 میں اسلام آباد نے امریکا اور ایران کےدرمیان مذاکرات کی میزبانی کی جبکہ جون 2026 میں اسلام آبادمفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی جو اعلیٰ سطحی وفود، سفارتی مشنز اور کاروباری شخصیات کی میزبانی کی شہر کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔
مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع اسلام آباد اپنی وسیع سبزہ زاروں، منظم شہری ماحول اور جدید انفراسٹرکچر کے باعث قدرتی خوبصورتی، سکون اورقومی دارالحکومت کے وقار کا امتزاج پیش کرتا ہے جہاں سفارت کاری، کاروبار اور سیاحت ایک ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔سی ڈی اے کے مطابق شہر کے بڑھتے ہوئےبین الاقوامی پروفائل کے پیش نظر معیاری ہوٹلوں، لگژری رہائش،کانفرنس سہولیات اور ریزورٹس کی ضرورت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی وفود، سفارت کاروں،کاروباری شخصیات،سیاحوں اور تفریحی مسافروں کے لیے مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے جس کے تحت نیلامی سے ایک روز قبل ٹوکن جاری کیے جائیں گے جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس یا مقامی بینکنگ ذرائع کے ذریعے کی جا سکے گی۔سی ڈی اے نے کہا کہ نئے ہوٹلوں کی تعمیر سے وسیع تر معاشی سرگرمیوں، روزگار کےمواقع اور ریستورانوں، ریٹیل، ٹرانسپورٹ اور سیاحت سےمتعلق خدمات کو فروغ ملے گا اور اسلام آباد کو مزید سیاح دوست اور بین الاقوامی سطح پر مربوط دارالحکومت بنانے میں مدد ملے گی۔نیلامی کے بروشرز سی ڈی اے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ اور سی ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔








