وفاقی دارالحکومت کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحولیاتی طور پر پائیدار بنانے کے لیے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مون سون شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔سی ڈی اے کےانوائرمنٹ ونگ کے حکام کے مطابق شجرکاری مہم 15 جولائی کو شروع ہوئی تھی جو ستمبر کے دوران جاری رہے گی جبکہ موسم اور بارشوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں مزید ایک سے دو ہفتے کی توسیع بھی …
مزید بارشوں کی صورت میں وفاقی دارالحکومت میں جاری مون سون شجرکاری مہم میں توسیع ہو سکتی ہے ، سی ڈی اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحولیاتی طور پر پائیدار بنانے کے لیے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مون سون شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔سی ڈی اے کےانوائرمنٹ ونگ کے حکام کے مطابق شجرکاری مہم 15 جولائی کو شروع ہوئی تھی جو ستمبر کے دوران جاری رہے گی جبکہ موسم اور بارشوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں مزید ایک سے دو ہفتے کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ بارشوں کا سلسلہ بڑھتا ہے تو سازگار مون سون موسم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے شجرکاری مہم میں توسیع کی جائے گی۔سی ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ دارالحکومت کے تمام علاقوں میں شجرکاری کی گئی ہے جبکہ موجودہ گرین بیلٹس، شاہراہوں، میڈیئنز اور پارکس میں موجود کمی کو بھی پورا کیا جا رہا ہے۔باقاعدہ شجرکاری کےعلاوہ قدرتی جنگلاتی رقبے اور حیاتیاتی تنوع میں اضافے کے لیے مارگلہ ہلز میں مقامی انواع کے سیڈ بالز بھی منتشر کیے جا رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ مہم کےتحت استعمال کیے جانے والے تمام پودے اور بیج خالصتاً مقامی درختوں کی انواع سے ہیں جن کا انتخاب بہتر بقا، ماحولیاتی مطابقت اور موسمیاتی لچک کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ فیلڈ ٹیمیں نئے لگائے گئے پودوں کی زیادہ سے زیادہ بقا یقینی بنانے کے لیے شجرکاری، پانی دینے اور دیکھ بھال کے امور میں فعال طور پر مصروف ہیں۔اس اقدام کا مقصد ہوا کے معیار کو بہتر بنانا، شہری علاقوں میں گرمی کےاثرات کم کرنا اور اسلام آباد کو صحت مند، صاف ستھرا اورزیادہ پائیدار شہر بنانا ہے۔
سی ڈی اے نے شہریوں، طلبہ، سول سوسائٹی اور کمیونٹی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور گرین اسلام آباد کے وژن میں اپنا کردار ادا کریں۔حکام نے کہا کہ یہ مہم وفاقی دارالحکومت کے قدرتی ماحول کے تحفظ، مقامی نباتات کی بحالی اور پائیدار شہری ترقی کے فروغ کے لیے سی ڈی اے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہےجبکہ اسلام آباد کی ایک سرسبز اور صاف ستھرے شہر کی منفرد شناخت کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔








