افریقی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے،سیف الرحمن

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان برآمدات میں تنوع اور نئی منڈیوں کی تلاش کے ذریعے آنے والے برسوں میں افریقی خطے کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان برآمدات میں تنوع اور نئی منڈیوں کی تلاش کے ذریعے آنے والے برسوں میں افریقی خطے کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اتوار کو یہاں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم حقیقی صلاحیت سے کہیں کم ہے، جسے بڑھانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کو مشترکہ اور مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔

سیف الرحمن نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ افریقی منڈیوں میں ابھرنے والے مواقع کی نشاندہی کریں اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات، خصوصا ًعالمی سطح پر مقبول ضیا اسنیکس، کی برآمدات بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے جامع حکمت عملی ضروری ہے، جس میں کاروباری روابط، مارکیٹ انٹیلی جنس اور عالمی تجارتی نمائشوں میں شرکت کو فروغ دیا جائے۔

تجارتی طریقہ کار آسان، لاجسٹکس بہتر اور برآمد کنندگان کو درپیش حقیقی ٹیکس و ریگولیٹری مسائل حل کیے جائیں تاکہ پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افریقی منڈیوں کے ساتھ تجارت میں اضافہ پاکستان کو برآمدی منڈیوں میں تنوع، زرمبادلہ کے حصول اور بالخصوص چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا۔