آئی جی اسلام آباد کی زیرِ صدارت اجلاس، سکیورٹی، سائبر کرائم اور فیلڈ پولیسنگ کا جائزہ

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی اور اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی اور اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی موجودہ صورتحال، سکیورٹی، امن و امان اور پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اتوار ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں شہر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی انتظامات، اہم مقامات اور حساس تنصیبات کی حفاظت سمیت کسی بھی ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پولیس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نےسکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں آن لائن ہراسمنٹ، غیرقانونی آن لائن سرگرمیوں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اور سائبر پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر جرائم کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنے کےاقدامات بھی زیرِ غور آئے۔

آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات میں متعلقہ یونٹس کے درمیان مؤثر رابطہ و کوآرڈینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کی زیرِ صدارت ریسکیو 15 میں زونل پولیس افسران کے ساتھ بھی اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف علاقوں میں پولیسنگ، سکیورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ زونل افسران نے اپنے متعلقہ علاقوں میں پولیسنگ اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے افسران کو جرائم کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی، فوری رسپانس اور سکیورٹی انتظامات میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو عوامی رابطے مزید بہتر بنانے، شہریوں کی شکایات پر فوری اور مؤثر توجہ دینے اور اپنے متعلقہ علاقوں میں پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ، مؤثر پولیسنگ اور قانون و امن کا قیام اسلام آباد پولیس کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

 

مزید خبریں