پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے اتوار کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا ملک بھر میں کامیابی سے انعقاد کیا جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی بین الاقوامی مرکز پر امتحان لیا گیا ،امتحان کے لیے مجموعی طور پر 138,158 امیدوار رجسٹرڈ تھے۔
ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا کامیابی سے انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے اتوار کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا ملک بھر میں کامیابی سے انعقاد کیا جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی بین الاقوامی مرکز پر امتحان لیا گیا ،امتحان کے لیے مجموعی طور پر 138,158 امیدوار رجسٹرڈ تھے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق ملک بھرکے 34 شہروں میں امتحان منعقد ہواجبکہ ریاض کے بین الاقوامی مرکز میں 237 امیدوار رجسٹرڈ تھے۔پنجاب سے 49,199، خیبر پختونخوا سے 38,841، سندھ سے 34,233، بلوچستان سے 9,923، آزاد جموں و کشمیر سے 2,761، گلگت بلتستان سے 1,721 اور اسلام آباد سے 1,245 امیدوار رجسٹرڈ تھے۔

کونسل نےبتایا کہ تقریباً 8,000 سوالات پر مشتمل سوالات کا بینک تیار کیا گیاجس کی تیاری میں تقریباً 80 مضامین کے ماہرین نے حصہ لیا۔ہر صوبے کے لیے الگ سوالیہ پرچے تیار کئے گئےجبکہ ہر صوبے کے لیے کم از کم دو مختلف پرچے تیار کئے گئے۔ ہر پرچے میں 180 سوالات شامل تھے۔پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان کے بعد سوالیہ پرچے متعلقہ جامعات کے پاس رہیں گے۔
کونسل نے واضح کیا کہ ایم ڈی کیٹ کے عملی انعقاد کی ذمہ داری متعلقہ صوبائی حکام اور نامزد جامعات کی تھی جبکہ پی ایم ڈی سی کا قانونی کردار امتحان کا فریم ورک، طریقہ کار اور معیارات وضع کرنے تک محدود تھا۔








