ملک بھر کے منتخب اضلاع میں قومی انسدادِ پولیو مہم شروع

ملک بھر کے منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم شروع ہو گئی ۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران ملک بھر کے 115 اضلاع میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):ملک بھر کے منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم شروع ہو گئی ۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران ملک بھر کے 115 اضلاع میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے ۔ این ای او سی کے مطابق صوبہ پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں، سندھ کے 30 منتخب اضلاع میں ایک کروڑ ، خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں 73 لاکھ جبکہ بلوچستان کے 32 منتخب اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار جبکہ گلگت بلتستان کے 2 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔این ای او سی کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز مشکل ترین حالات میں بھی ہر بچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گھر گھر پہنچتے ہیں۔ والدین کا تعاون پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو کامیاب بنانے میں انتہائی اہم ہے۔