رکن قومی پیغامِ امن کمیٹی راجیش کمار ہرداسانی کی راما پیر کے سالانہ میلے میں شرکت

رکن قومی پیغامِ امن کمیٹی پاکستان راجیش کمار ہرداسانی نے کہا ہے کہ راما پیر کا سالانہ میلہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور مذہبی آزادی کی ایک خوبصورت مثال ہے۔

حیدرآباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):رکن قومی پیغامِ امن کمیٹی پاکستان راجیش کمار ہرداسانی نے کہا ہے کہ راما پیر کا سالانہ میلہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور مذہبی آزادی کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ مختلف علاقوں سے آنے والے ہندو یاتری ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے ٹنڈو الہ یار پہنچتے ہیں، جبکہ راستے میں مقامی شہری ان کا محبت، احترام اور مہمان نوازی سے استقبال کرتے ہیں۔ ایسا اظہار انہوں نے سنت راما پیر کے سالانہ میلے میں شرکت کے موقع پر کیا۔ جہاں ملک کے مختلف اضلاع سے ہندو برادری کے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ یاتری قافلوں کی صورت میں پیدل سفر کرتے ہوئے میلے میں پہنچے۔ راجیش کمار نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کو آئین کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں اور وہ اپنے مذہبی تہوار اور رسومات آزادی کے ساتھ ادا کرتی ہیں۔ راما پیر میلہ مختلف مذاہب کے درمیان محبت، احترام، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ میلے کے موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے، جبکہ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور پاک افواج کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ انتظامیہ کی جانب سے میلے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ میلہ انتظامیہ کمیٹی کے معززین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موجود ہندو برادری نے صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور خصوصاً فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا برادری کے تحفظ، تعاون اور حقوق کے لیے کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ برادری کے نمائندوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے امن، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔