لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رواں سال10 ہزار483 ملزمان کو گرفتار کرکے10 ہزار39 مقدمات درج کئے ہیں
انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر پولیس کی کارروائیاں ،10 ہزارملزمان گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رواں سال10 ہزار483 ملزمان کو گرفتار کرکے10 ہزار39 مقدمات درج کئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے5 لاکھ 20 ہزار890 پتنگیں اور16 ہزار563 ڈور و چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر5 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار اور4 ہزار801 مقدمات درج کیے گئے،جبکہ ایک لاکھ48 ہزار316 پتنگیں اور 5 ہزار901 ڈور و چرخیاں برآمد کی گئیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ صوبہ بھر میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں،خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔انہوں نے شہریوں سے بھی کہا کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں فوری طور پر15 پر اطلاع دیکر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔








