ہنگو میں خوارج کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 6 فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا

ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 6 شہدا کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی

پشاور۔21ستمبر (اے پی پی):ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 6 شہدا کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، کور کمانڈر پشاور، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور شہداکے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وطن پر جان نثار کرنے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق شہید، لیفٹیننٹ شیراز بابر شہید، سپاہی شکیل احمد شہید، سپاہی حمزہ شہید، سپاہی محمد عثمان عزیز شہید اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد شہید شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداکے جسدِ خاکی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دفاعِ وطن کی خاطر دی جانے والی شہداء کی یہ لازوال قربانیاں سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔