حکومتِ پاکستان اور یورپی یونین نے مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ یورو، تقریباً 20 ارب 64 کروڑ روپے، کی مالی معاونت کے تین معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت ’’پاکستان کے لیے گلوبل گیٹ وے ترقیاتی سہولت‘‘، ’’خیبرپختونخوا میں توانائی اور قدرتی ماحول کی پائیداری‘‘ اور ’’پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت‘‘ کے عنوان سے تین پروگرام …
یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے مالی معاونت کے معاہدوں پر دستخط، گلوبل گیٹ وے سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی، کاروباری ماحول، توانائی اور ماحولیاتی استحکام کو فروغ ملے گا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور یورپی یونین نے مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ یورو، تقریباً 20 ارب 64 کروڑ روپے، کی مالی معاونت کے تین معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت ’’پاکستان کے لیے گلوبل گیٹ وے ترقیاتی سہولت‘‘، ’’خیبرپختونخوا میں توانائی اور قدرتی ماحول کی پائیداری‘‘ اور ’’پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت‘‘ کے عنوان سے تین پروگرام شروع کیے جائیں گے۔یہ تعاون پاکستان اور یورپی یونین کے اقتصادی و توانائی کے شعبوں میں ترقی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ سے متعلق مشترکہ عزم کو عملی جامہ پہنائے گا۔اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق معاہدوں پر پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس اور سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔یورپی یونین کے کثیرسالہ اشاریاتی پروگرام 2021ء تا 2027ء کے تحت مالی معاونت سے شروع کیے جانے والے ان اقدامات میں پاکستان کی ترقی کے تین اہم پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔پاکستان کے لیے گلوبل گیٹ وے ترقیاتی سہولت: سرمایہ کاری کے انتظام اور مالیاتی ماحول کی بہتری کے منصوبے کا مقصد ٹیکس نظام میں بہتری اور حکومت کی طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کو مضبوط بنا کر پاکستان میں مزید غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔خیبرپختونخوا میں توانائی اور قدرتی ماحول کی پائیداری پروگرام کے تحت بجلی کے قومی گرڈ سے منسلک نہ ہونے والی دیہی آبادیوں میں قابلِ تجدید توانائی کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور خیبرپختونخوا کے توانائی شعبے میں نجی شعبے کی شرکت بڑھانے کے لیے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔یورپی یونین کی سابقہ معاونت کو آگے بڑھاتے ہوئے ’’پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت‘‘ پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی پولیس، استغاثہ، عدالتوں اور قانونی معاونت تک رسائی مزید بہتر بنائی جائے گی۔یہ پروگرام پنجاب اور سندھ میں قانونی مقدمات کے تصفیے کے لیے متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے طریقہ کار کے وسیع تر استعمال میں بھی معاونت فراہم کرے گا، تاکہ یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی ان صوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی بڑھائی جاسکے۔پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کا ترقیاتی تعاون بدستور اقتصادی ترقی، موسمیاتی پائیداری، بہتر طرزِ حکمرانی، قانون کی بالادستی، انسانی حقوق اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال پر مرکوز ہے۔اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے ان اقدامات کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے، خیبر پختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں تک بجلی کی رسائی بہتر بنانے، قانون کی حکمرانی کے معیار کو مزید مؤثر بنانے اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو ترقی دینے کے قومی اہداف سے پوری طرح ہم آہنگ ہیں۔یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے کہا کہ یہ معاہدے یورپی یونین کے نمایاں ’’گلوبل گیٹ وے‘‘ اقدام کے تحت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے اہداف میں معاونت کے عزم کا عملی اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں سے خیبرپختونخوا کے حکام کو توانائی کا زیادہ مضبوط اور پائیدار شعبہ تشکیل دینے میں مدد ملے گی، جبکہ قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ قانون کی حکمرانی سے متعلق پروگرام خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے شہریوں کی انصاف تک رسائی مزید بہتر بنائے گا۔سفیر نے مزید کہا کہ عدلیہ، قانونی ماہرین، جامعات اور کاروباری برادری کے ساتھ اشتراک کے ذریعے پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔








