وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے مکالمہ، برداشت، باہمی احترام اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، تنازعات اور اختلافات کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور پرامن ذرائع سے تلاش کیا جانا چاہیے
پائیدار امن کے لیے مکالمہ، برداشت، باہمی احترام اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے مکالمہ، برداشت، باہمی احترام اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، تنازعات اور اختلافات کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور پرامن ذرائع سے تلاش کیا جانا چاہیے۔عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ امن صرف جنگ کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ انصاف، مساوی حقوق، تحفظ اور انسانی وقار بھی امن کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور مؤثر نظامِ انصاف پائیدار امن کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امن کے لیے بھاری انسانی اور معاشی قیمت ادا کی ہے۔ پیچیدہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی تعاون، باہمی اعتماد اور تعمیری مکالمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کو تصادم کے بجائے مکالمے اور دلیل کے ذریعے حل کرنا مہذب معاشروں کی پہچان ہے۔ پاکستان عالمی امن، بین الاقوامی قانون اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عالمی یومِ امن ہمیں امن کے لیے عملی اقدامات اور تعاون کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔








