طاہر محمود اشرفی سے بشپ آزاد مارشل کی ملاقات، گلوبل پیس ایوارڈ پر مبارکباد

چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل نے اپنے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں چرچ آف پاکستان کی جانب سے ’’گلوبل پیس ایوارڈ‘‘ ملنے پر مبارکباد پیش کی

لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل نے اپنے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں چرچ آف پاکستان کی جانب سے ’’گلوبل پیس ایوارڈ‘‘ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مکالمے کے فروغ کے لیے طویل عرصے سے جاری خدمات قابلِ تحسین اور باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان افہام و تفہیم، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ طاہر محمود اشرفی نے ہمیشہ غیر مسلم پاکستانیوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی اور مشکل اوقات میں مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی خدمات اور کردار کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور امن و بین المذاہب تعاون کے لیے ان کی کوششوں کو معاشرے میں ہم آہنگی کے فروغ میں اہم سمجھتی ہے۔اس موقع پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بشپ آزاد مارشل اور ان کے وفد کا ملاقات، پذیرائی اور ان کی خدمات پر اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ میں پاکستان میں بسنے والے ہر پاکستانی کے امن، سلامتی اور خدمت کے لیے کام کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلم پاکستانیوں کے جان و مال، عزت و آبرو اور حقوق کا تحفظ ہماری اخلاقی، قانونی اور شرعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے پاکستان کی مسیحی برادری کی جانب سے اعتماد، محبت اور حوصلہ افزائی پر تہِ دل سے اظہارِ تشکر کیا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عالمی یومِ امن کے موقع پر امن، باہمی احترام، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کو اجتماعی کوششوں کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام، رواداری اور مکالمے کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ تمام پاکستانی، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، عزت، تحفظ اور مساوی حقوق کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔