لہسن کی کاشت 30 ستمبر تک مکمل ، 160 کلوگرام فی ایکڑ صحت مند پوتھیوں کا استعمال کیاجائے ، محکمہ زراعت

محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکار لہسن کی کاشت 30 ستمبر تک مکمل کر لیں ، اچھی پیداوار کےلئے 160 کلوگرام فی ایکڑ صحت مند پوتھیوں کا استعمال کیاجائے ،کاشت کےلئے ایسی ذرخیز میرازمین کا انتخاب کیاجائے جس میں پانی کے نکاس کامناسب انتظام بھی ہو

فیصل آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکار لہسن کی کاشت 30 ستمبر تک مکمل کر لیں ، اچھی پیداوار کےلئے 160 کلوگرام فی ایکڑ صحت مند پوتھیوں کا استعمال کیاجائے ،کاشت کےلئے ایسی ذرخیز میرازمین کا انتخاب کیاجائے جس میں پانی کے نکاس کامناسب انتظام بھی ہو۔ یہ بات ڈائریکٹرنظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کاآخری ہفتہ لہسن کی کاشت کےلئے انتہائی موزوں اور بمپر کراپ کےلئے سود مند ہوتاہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ لہسن کی کاشت کےلئے زمین کو اچھی طرح تیارکرلیں اور گوبر کی گلی سڑی 20سے25 ٹن کھاد ڈال کر ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل اور 3 مرتبہ کلٹیویٹر چلاکر بعد میں سہاگہ دیتے ہوئے زمین کو ہموار کرلیاجائے۔انہوں نے کہاکہ لہسن کی گلابی اور جی ایس ون منظور شدہ اقسام کاشت کرکے اچھی پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔ ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ کاشتکار نصف نائٹروجنی کھاد، ڈی اے پی و پوٹاشیم کاشت کے وقت جبکہ نصف نائٹروجنی کھاد نومبر کے مہینے میں 15 دن کے وقفے سے ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ پھپھوندکش زہر لگاکرکاشت سے لہسن کی اچھی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے نیز 5،5مرلے کی کیاریوں کی صورت میں کاشت کے دوران زمین کی ہمواری کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔