چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد سے ساجد حسین طوری ، شاہ ذوالقرنین کی ملاقات، محنت کش طبقے کے مسائل پر تبادلہ خیال
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد سے ساجد حسین طوری ، شاہ ذوالقرنین کی ملاقات، محنت کش طبقے کے مسائل پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے سابق وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری اور پاکستان پیپلز پارٹی لیبر ونگ خیبرپختونخوا کے صدر شاہ ذوالقرنین نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، محنت کش طبقے کے مسائل اور سماجی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق اور کم آمدن والے خاندانوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پروگرام میں شفافیت، سہولت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مستحق خواتین تک امداد کی رسائی کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔
ملاقات میں محنت کش طبقے اور کم آمدن افراد کے لئے سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید موثر بنانے اور عوامی فلاح کے لئے باہمی رابطہ و تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری اور پیپلز پارٹی لیبر ونگ خیبرپختونخوا کے صدر شاہ ذوالقرنین نے بی آئی ایس پی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مستحق خاندانوں تک سہولیات کی فراہمی کی کاوشوں کی تعریف کی۔









