سکیورٹی فورسز کا کوہاٹ، ہنگو اور افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں آپریشن، متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے، وزارت اطلاعات و نشریات
سکیورٹی فورسز کا کوہاٹ، ہنگو اور افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں آپریشن، متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے، وزارت اطلاعات و نشریات

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ متعدد دہشت گرد واقعات کے تناظر میں سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور تھل کے علاقوں میں منظم انٹیلی جنس بیسڈ گرائونڈ آپریشن کیا جس کے بعد ان حملوں میں ملوث دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف ٹارگٹڈفضائی کارروائیاں کی گئیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے پیر کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ 20 ستمبر 2026 ءکو سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع کوہاٹ اور ہنگو میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ گرائونڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ وزارت کے مطابق قابل اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں فتنۃ الخوارج اور اس سے وابستہ تنظیموں کے دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو بھی انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ ایکس پوسٹ کے مطابق تین اہداف کو درست نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا جن میں خودکش بمباروں کا تربیتی مرکز بھی شامل تھا۔
کارروائی کے دوران 28 دہشت گردوں سمیت متعدد خودکش بمبار ہلاک ہوئے جبکہ ان مراکز اور ٹھکانوں میں ذخیرہ کیا گیا بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے کوششیں کی ہیں تاہم شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔ وزارت نے کہا کہ افغانستان کا بدستور دہشت گردی کا مرکز رہنا باعث تشویش ہے، پاکستان کو لاحق دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ہے، اسی تناظر میں دہشت گردوں کے مراکز کو درست طور پر نشانہ بنایا گیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں اور اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ کسی قسم کا غیر متعلقہ جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔ وزارت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’’عزم استحکام‘‘ کے وژن کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم ’’غضب للحق‘‘ پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔








